فلم نگری ممبئی میں کشمیری نوجوانوں کی انٹری یقینی

بالی ووڈ کی معروف ہستیاں کشمیر میں جل آڈیشن شروع کرنے والے ہیں

سرینگر: بالی ووڈ میں کشمیری فن کاروں کی انٹری کو یقینی بنانے کیلئے بالی ووڈ کی معروف ہستیاں اگلے ماہ کشمیر وارد ہورہی ہے اور یہاں پر یہ کشمیری فن کاروں کا آڈیشن لیکر ان کو بالی ووڈ میں جگہ فراہم کرنے والے ہیں ۔ اس ضمن میں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کشمیر کی طرف ایک بار پھر بالی ووڈ نے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ کرنٹ نیو زآف انڈیا کے مطابق بالی ووڈ نے ایک دفعہ پھر کشمیر پر کی طرف رخ کرنے کافیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ماہ اپریل میں بالی ووڈ کی کچھ جانی مانی ہستیاں کشمیر تشریف لارہی ہیں جو یہاں پر کشمیری فن کاروں کا آڈیشن لیکر ان کو فلمی نگری میں جگہ دستیاب کرائیں گے ۔اس حوالے سے کشمیر کے معروف فن کار ’قیوم بادشاہ‘ عبدالقیوم نے کہا ہے کہ کشمیر میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ یہاں کے حالات کی وجہ سے نوجوانوں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس صورتحال کے حوالے سے ہماری یہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کشمیر ی نوجوانوں کو بالی ووڈ میں جگہ ملے تاکہ ان کو بہتر روزگار فراہم ہوسکے ۔ قیوم بادشاہ نے کہا کہ اس حوالے سے ہم نے فلم انڈسٹری کی چند ہستیوں کو یہاں آنے کی دعوت دی ہے جو جلد ہی کشمیر آکر یہاں آڈیشن شروع کریں گے ۔ ایک زمانہ تھا جب بالی ووڈ کی تمام فلموں کی عکس بند کشمیر میں کی جاتی تھیں کیوں کہ کشمیر کے دلفریب مناظر اور قدرتی نظاروں کی وجہ سے فلموں میں چار چاند لگ جاتے تھے اور بالی ووڈ سے جڑے فلم سازوں کو بیرون ممالک جانے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی تاہم 90کی دہائی میں یہاں مسلح جدوجہد شروع ہونے کے ساتھ ہی بالی ووڈ نے کشمیرمیں فلموں کی عکس بندی چھوڑ دی تھی تاہم چند عرصہ سے اب ایک بار پھر ہندی فلموں کی عکس بندی کے دوران کشمیر میں بھی کچھ ’شارٹ ‘لئے جاتے ہیں ۔ سی این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے ’قیوم بادشاہ نے کہا کہ بہت جلدبالی ووڈ کی چند معروف ہستیاں جن میں انوپم کھیر ، عالیہ بھٹ اور دیگر افراد شامل ہیں کشمیر آنے والے ہیں جویہاں پر کشمیری نوجوانوں خاص کر فن کاروںکو فلمی نگری میں جگہ دلانے کیلئے آڈیشن شروع کررہے ہیں ۔ ان فن کاروں کو بالی ووڈ کی کئی فلموں میں جگہ مل سکتی ہے ۔ ا س ضمن میں کشمیر وادی سے تعلق رکھنے والے کئی فن کاروں نے کہا ہے کہ یہ ایک خوش آئیند اقدام ہے اور اس اقدام سے ایک تو کشمیری فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی دوسرا نوجوان بھی اس شعبہ کی طرف دھیان دیں گے کیوں کہ اس شعبہ میں روزگار کے کئی مواقعے دستیاب ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پہلے بالی ووڈ کی اکثر فلموں کی شوٹنگ یہاںہوا کرتی تھیں جس کی وجہ سے یہاںکے نوجوانوں کو بھی روز گار فراہم ہوتا تھا اور یہاں کے نوجوان بھی فن اور فن کاری کی طرف دھیان دیتے تھے لیکن اب یہاں کے نوجوان اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔

تبصرے
Loading...