حالات کچھ بھی ہو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ملنا ہی ہے تاہم امن کی باتیں خاموش ماحول میں ہی ہوسکتی ہیں/سشما سوراج

پاکستان دہشت گردی کیخلاف کارروائی کرکے مذاکرات کیلئے پرامن ماحول تیار کریں

0 105

سرینگر : پاکستان پر بھارت میں دہشت گردی کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج نے واضح کردیا کہ پاکستان کی ایسی کوشش کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب ان کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کاروائی کرنا ہوگی تاکہ پاک بھارت مذاکرات کیلئے پرامن ماحول فراہم ہوسکے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق نئی دہلی میں ایک تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو دہشت گردی کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی ہوگی اور یہ کام پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جب جب بھی دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہوجاتے ہیں تو ایسے عناصرمل کر ان حالات کو خراب کرنے کی کوشش شروع کردیتے ہیں ۔جسکی وجہ سے صورتحال پھر مکدر ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں ایسی ہیں جو بھارت اور پاکستان کو ایک دوسرے کے قریب آنے نہیں دینگے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو پاکستان ہوا دے رہا ہے اور بھارت میں دہشت گردی کو بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے ۔مزید بتاتے ہوئے کہا کہ حالات چاہے کچھ بھی ہو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ملنا ہی ہے لیکن خاموش ماحول میں امن کی باتیں ہوسکتی ہیں جبکہ تشدد کے ماحول میں امن کی باتیں نہیں ہوسکتی ہیں ۔انہوں نے صاف کردیا کہ بھارت کی موجودہ حکومت پاکستان کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے ۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق خاتون وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھارت سے کئی وعدے کئے مگر حقیقت میں وہ آج بھی دہشت گردی کو بھارت کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان برابر بھارت مخالف کاروائیوں کا مرتکب ہورہاہے اب اپنا وطیرہ بدلنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کے خلاف ورزیاں اب معمول بن گئی ہیں کیونکہ جہاں پہلے صرف لائن آف کنٹرول پر فائرنگ ہورہی تھی لیکن اب بین الاقوامی بارڈر پر بھی بندوقوں کے دہانے کھول دئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مخالف کاروائیوں سے پاکستان کو کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں نہیں چاہتی کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہوں تاہم اس قسم کی صورتحال کیلئے پاکستان ذمہدار ہے اس لئے اس پر یہ ذمہ داری عائد ہوجاتی ہے کہ حالات خراب کرنے کی کوششوں کو ہوا نہ دیں بلکہ ایسی طاقتوں کو بے نقاب کرے جو دونوں ملکوں کے درمیان حالات ٹھیک ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے ہیں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سے بھارت بہتر تعلقات چاہتا ہے تاہم اس کے برعکس پاکستان دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے تاہم بھارت برابر اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہتر رشتوں کا متمنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ہر چیز پر بحث لازمی ہے لیکن پاکستان و بھارت کے درمیان مذاکرات صرف اور صرف امن کے ماحول میں ہوسکتے ہیں لہٰذا امن کو ایک موقعہ دینا ہوگا تاکہ ہمیشہ کیلئے مسائل حل کرنے کی راہ ہموار ہوسکے ۔

تبصرے
Loading...