جنگجویانہ سرگرمیوں میں اضافہ اور لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے بڑھتے واقعات تشویشناک /کرن رججو

جنگجوئوں منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے فورسز تیار ،یاترا کے پر امن انعقاد کیلئے تمام تر سیکورٹی انتظامات کئے جائیں گے

0 65

سرینگر: وادی کشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں ہورہے اضافے پر فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت کرن رججونے کہا کہ سرحد پار کے عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں ۔انہوں نے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز جنگجوؤں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔اسی دوران انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے پر امن انعقاد کیلئے تمام تر سیکورٹی انتظامات کئے جائیں گے اور اس کیلئے ریاست کو مناسب تعداد میں سیکورٹی فورسز فراہم کی جائے گی ۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق دہلی میں ایک تقریب کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے امورداخلہ کے وزیر داخلہ مملکت نے کہا کہ وادی کشمیر میںحالیہ واقعات کے تناظر میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالیہ دنوں میں دراندازی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جو کہ تشویش کے قابل ہے ۔انہوں نے کہا کہ دراندازی کا مقصد یہ ہے کہ وادی کشمیر میں امن وامان کی صورتحال کو درہم برہم کیا جائے لیکن سیکورٹی فورسز حالات کو بنائے رکھنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔مرکزی امور داخلہ کے ویر مملکت نے کہا کہ حالیہ واقعات کے تناظر میں ریاست جموں وکشمیر میں چوکسی برتی جارہی ہے اور سیکورٹی ایجنسیوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہر وقت متحرک اور چوکس رہیں جبکہ جنگجوؤں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے بھی سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح الرٹ پر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ وادی کشمیر امن کی صورتحال قائم ہورہی ہے لیکن سرحد پار کے عناصر سے خوش نہیں ہیں اور وہ لگاتار اس کو شش میں ہیں کہ حالات خراب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دراندازوں کو بھارتی علاقے میں داخل کرنے کیلئے سرحد پار سے ہی ہر طرح کی مدد مل رہی ہے ۔کرن ریچو نے واضح کیا کہ سرحد پار عناصر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں سرگرم جنگجوؤں کو حالات خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی۔ ماہ جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے بارے میں رججونے کہا کہ یاترا میں رخنہ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پرامن یاترا کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے اور اس کیلئے کشمیر میں معقول تعداد میں اضافی سیکورٹی فورسز تعینات کی جائے گی ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس بات کی رپورٹیں مل رہی ہیں کہ جنگجویاترا میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں لیکن ان کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔کرن نے کہا کہ یاترا اور یاتریوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ ساتھ شمالی مشرقی ریاستوں میں جنگجویانہ سرگرمیوں کے بڑھتے واقعات پر مرکزی حکومت سنجیدگی کے ساتھ قریبی نظر رکھی ہوئی ہے۔

تبصرے
Loading...