جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر / شاہ محمود قریشی

عالمی برادری کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے

0 35

سرینگر// پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کے شہر ملتان میں ایک عیدملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے جاری مظالم کی مذمت کر رہی ہے۔پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بچھانے کے لئے ہر عالمی فورم کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی بھی سازش کر رہا ہے تاہم اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا کیونکہ وہ مؤثر انداز میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان آئندہ چند روز کے دوران روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے بھی اس معاملے پر بات چیت کریں گے۔رواں سال فروری میں بھارتی جارحیت سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور وہ دوبارہ وطن عزیز پر میلی نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کرے گا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کابنیادی حق ہے، کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے، سول سوسائٹی کشمیرکی صورتحال پر آواز بلند کرے اور بھارتی مظالم پرعالمی برادری کی بھی خاموشی ختم ہونی چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جموں وکشمیرتنازع میں ایک فریق ہے، لاکھوں کشمیریوں کی جانیں رائیگاں نہیں جائیگی اور ہمیں یقین ہے کشمیریوں کیلئے حق خود ارادیت کا دن قریب ہے۔(سی این آئی)

تبصرے
Loading...