جموں صوبے میں سر نوعسکریت شروع کرنے کا منصوبہ ناکام،6گرفتار

گرفتار کئے گئے افراد کاحزب المجاہدین کے ساتھ رابطے ہیں /پولیس آفیسر

0 25

سرینگر07جون//جے کے این ایس // صوبہ جموں میں پولیس نے عسکریت پسندی کا سر نو آغاز کرنے والے 6افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔ جے کے این ایس کے مطابق حکام نے جمہ کو دعویٰ کیا کہ صوبہ جموں میں عسکریت کا سر نو آغاز کرنے کا منصوبہ طشت از بام کرتے ہوئے چھ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور ان کے قبضے سے اہم مقامات کی تصاویر اور ویڈیو بر آمد کئے گئے ہیں۔گرفتار شدگان کے بارے میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ جاسوس ہیں اور سرحد کے دوسری طرف حزب المجاہدین کے لوگوں کے ساتھ رابطے میں تھے۔ابتدائی طور رتنوچک ملٹری سٹیشن جموں کے باہر دو افراد کو ویڈیو بناتے ہوئے اور تصاویر لیتے ہوئے دھر لیا گیا۔پوچھ تاچھ کے دوران مشتاق احمد ملک ساکنہ ضلع ڈوڈہ اور ندیم اختر ساکنہ ضلع کٹھوعہ نامی ان گرفتار شدگان نے بتایا کہ وہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں موجود لوگوں کے کہنے پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے جموں صوبے میں ہی مزید چھ جاسوسوں کا بھی نام لیا جنہیں بعد میں گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ گرفتار شدگان میں صدام حسین،محمد سلیم اور محمد شفیع ساکنان ضلع کٹھوعہ اور صفدر علی ساکنہ ضلع اْدھمپور شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے پوچھ تاچھ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ جموں صوبے میں عسکریت کا سر نو آغاز کرنے کے کام پر مامور تھے اور اْنہیں نئے نوجوانوں کو ریکروٹ کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔فورسز حکام نے گرفتار شدگان سے پاکستانی فون نمبرات بھی حاصل کرلئے ہیں اور اس سلسلے میں تفاصیل جمع کی جارہی ہیں۔

تبصرے
Loading...