ایک روز تک معطل رہنے کے بعد امرناتھ یاترا دوبارہ بحال

بانہال بارہمولہ ریل سروس بھی پٹری پر لوٹ آئی ، مسافروں نے راحت کی سانس لی

0 14

سرینگر: وادی کشمیر میں معمول کی زندگی پٹری پر لوٹ آنے کے ساتھ ہی ایک روز تک معطل شدہ امرناتھ یاترا دوبارہ سے بحال کی گئی جبکہ بانہال بارہمولہ ریل سروس بھی منگل کو اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہی جس کے نتیجے میں مسافروں نے راحت کی سانس لی ۔ سی این آئی کے مطابق حزب کمانڈر برہان وانی کی تیسری برسی کے موقعہ پر وادی کشمیر میں حالات کشیدہ ہوتے ہی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے امرناتھ یاترا کو بند کیاتھا جبکہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر بانہال سے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل سروس کو بھی معطل کیا گیا تھا ۔منگل کو وادی کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے ساتھ ہی یاترا کو دوبارہ بحا ل کیا گیا جبکہ ریل سروس بھی شروع ہوئی ۔ پولیس کے ایک سنیئر افیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ کو منگل کو یاتریوں کی کی آمد رفت کیلئے بحال کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا احتیاطی طور بند کی گئی تھی۔ ادھر وادی کشمیر میں ایک دن کیلئے معطل رہنے والی ریل خدمات منگل کی صبح بحال کردی گئیں۔ریلوے کے ایک افیسر نے بتایا ’تمام ریل گاڑیوں کی معمول کی خدمات آج صبح بحال کی گئیں‘۔ انہوںنے بتایا کہ ریل خدمات کی معطلی کا فیصلہ مقامی سیول و پولیس انتظامیہ کے مشورے پر لیا گیا تھا، اور ان کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی ریل خدمات کو آج بحال کردیا گیا۔

تبصرے
Loading...