اوڑی میں برفانی تودے کی زد میں آکر فوجی پورٹر لقمہ اجل

پنزگام کپواڑہ کے فوجی کیمپ سے مقامی درزی کی جھلسی نعش بر آمد ، تحقیقا ت شروع

سرینگر: لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر فوجی پورٹر از جاں ہو گیا ہے ۔ ادھر پنزگام کپواڑہ کے فوجی کیمپ میں درزی کی جھلسی لاش پُر اسرار حالات میں بر آمد کی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق لائن آف کنٹرول پر اوڑی کے پنکڈی چوک میں جمعہ کے بعد دوپہر اس وقت خوف و دہشت پھیل گئی جب ایک بڑا برفانی تودہ گر آیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ برفانی تودے کی زد میں شکیل احمد ولد فیروز الدین ساکنہ ناوا، اوڑی آکر شدید زخمی ہوگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ زخمی شکیل کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیاجہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نوجوان ناوا اوڑی میں فوج کے چار مدارس ریجمنٹ میں بحیثیت پورٹر کام کرتا تھا۔ادھر پنزگام کپواڑہ میںقائم 175ٹریٹوریل آرمی کیمپ میں اُس وقت جمعہ کو افر اتفری کا ماحول پھیل گیا جب مقامی درزی کی جھلسی نعش بر آمد کی گئی ۔ درزی کی شناخت مشتاق احمد پیر ولد نظام الدین ساکنہ تکیہ چوگل کے بطور ہوئی ہے ۔ درزی کی جھلسی نعش بر آمد ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے ایک ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر نعش کو اپنی تحویل میں لیا اور ضروری لوازمات کی ادائیگی کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کیا گیا ۔ پولیس نے واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔(سی این آئی )

تبصرے
Loading...