اونتی پورہ جھڑپ کے پیش نظرسرینگر بانہال ریل سروس معطل

مسافروں میں شدید غم و غصہ ، محکمہ ریلوئے کیخلاف سراپا احتجاج

0 14

سرینگر/14جون/سی این آئی/ اونتی پورہ خونین معرکہ آرائی کے پیش نظر سرینگر اور بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات کی معطلی کے نتیجے میں مسافروں میں محکمہ ریلوئے کے خلاف شدید غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ امسال بھی ریل خدمات کی بار بار معطلی کے نتیجے میں محکمہ کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی قصبہ اونتی پورہ کے برائو بنڈنہ علاقے میں دو مقامی جنگجو کے جاں بحق ہونے کے بعد محکمہ ریلوئے نے جمعہ کی صبح ایک مرتبہ پھر جنوبی کشمیر میں ریل خدمات معطل رکھنے کا فیصلہ لیا۔ اس ضمن میں کشمیر ریل حکام نے بتایا ہے کہ قاضی گنڈ، بانہال ، قاضی گنڈ سرینگر ریل سروس کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے تاہم شمالی کشمیر میں ریل سروس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر بڈگا م بارہمولہ ٹرین حسب معمول چالو رہے گی۔ یاد رہے کہ اونتی پورہ کے مضافات میںاعلیٰ الصبح ایک خونریز جھڑپ شروع ہوئی جس کے پیش نظر ضلع بھرمیں مکمل ہڑتال رہی جبکہ ضلع میں انٹرنیٹ سروس بھی عارضی طور پر معطل رکھی گئی۔ اس دوران ریلوے حکام نے فیصلہ لیا کہ جنوبی کشمیر میں ریل خدمات کو جمعہ کو دن بھر کیلئے بند رکھا جائے ۔واضح رہے کہ بھارتیہ ریل میں تاریخ میں کشمیر واحد ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر ریلوے خسارے میں چل رہی ہے کیوں کہ یہاں مخدوش حالات کی وجہ سے ریل سروس کو بار بار بند کرنا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے ریل حکام کو روزانہ لاکھوں روپے خسارہ برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ ریل ٹریکوں پر سخت حفاظتی انتظامات ہونے کے باوجود بھی ریل معطل رکھنی پڑتی ہے۔(سی این آئی )

تبصرے
Loading...